ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تاریخ گواہ ہے کہ اس ملک کی آزادی کی جنگ میں سب سے زیادہ جانی و مالی قربانیاں مسلمانوں نے دی ہے ۔ میسور میں مولانا سجا د نعمانی کا خطاب

تاریخ گواہ ہے کہ اس ملک کی آزادی کی جنگ میں سب سے زیادہ جانی و مالی قربانیاں مسلمانوں نے دی ہے ۔ میسور میں مولانا سجا د نعمانی کا خطاب

Sat, 30 Sep 2017 20:53:23    S.O. News Service

میسور 30/ستمبر( پریس ریلیز/ایس او نیوز) ۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور وفکر کرنے اور عوام کو بیدار کرنے کے لیے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی جانب سے ملک بھر میں مختلف پروگراموں کے ذریعے عوام کو ملک کے موجودہ سیاسی صورتحال سے واقف کیا جارہا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر ایس ڈی پی آئی کرناٹک کی جانب سے شہر میسور آرکے فنکشن ہال میں ایک عظیم الشان اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

ریاستی جنرل سکریٹری عبدالمجیدکی صدارت میں منعقد اس اجلاس میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ترجمان حضرت مولانا سجاد نعمانی نے اپنا  کلیدی خطاب کیا۔ مولانا سجاد نعمانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کو یہ   بات نہیں بھولنی  چاہئے کہ ملک کو انگریزوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے  سب سے زیادہ جانی و مالی  قربانیاں ہمارے علماء و اکابرین نے دی ہیں۔  انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے موجودہ حالات اس قدر نازک اس لیے ہیں کہ ہم کمزور اور بزدل ہوچکے ہیں۔ ہمارے اندر سیاسی شعور نہیں ہے۔ ایس ڈی پی آئی کی سیاسی تحریک کی انہوں نے ستائش کرتے ہوئے کہا مجھے اس بات کا کامل یقین ہے کہ اس سیاسی تحریک سے اللہ تعالی بہت بڑا کام لے گا۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم عہد کرلو کہ  سماج کی تمام برائیوں کے خلاف تمہیں لڑنا ہے۔

اس اجلاس میں شریک ایک اور مہمان خصوصی سابق جج کولسے پاٹل نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب سیاست کی بات آتی ہے تو ہمیں تاریخ پر گہری نظر ڈالنی چاہئے کیونکہ تاریخ کے ذریعے سے ہی آپ کو پتہ چلے گا اس ملک میں کونسے طبقات کے لوگ اپنی اجارہ داری قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرست طاقتیں اپنے سیاسی مفاد کے خاطر ہندو  اورمسلمانوں کے درمیان  دشمنی پیدا کررہے ہیں۔ اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب آج بھی قائم ہے اور اسے کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی ہے۔

ایس ڈی پی آئی ریاستی جنرل سکریٹری عبدالمجید، قومی جنرل سکریٹری الیاس تمبے ، مولانا شاہ ولی اللہ نے بھی اس اجلاس میں خصوصی خطاب کیا۔ ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر عبدالحنان نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ آج کے اس اجلاس مین علماء کرام کی اتنی بڑی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ علماء کرام نے اس ملک کو دشمنوں کے جال سے بچانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ہم اس ملک کو فرقہ پرستوں کے چنگل سے آزاد کرانے کے لیے علماء کرام کے قدم کے ساتھ قدم ملا کر چلنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی ہمیشہ مشوروں پر عمل کرتی آرہی ہے اگر علماء کرام اپنے گرانقدر مشوروں سے ہمیں نوازیں گے تو ہم اس کا تہہ دل سے استقبال کریں گے۔ اس اجلاس میں ڈاکٹر عواد شریف، مولانا کلیم اللہ، قاضی شہر مولانا محمد عثمان شریف، مولانا ایوب انصاری، مولانا الیاس کے ساتھ دیگر علماء کرام شریک رہے۔ اس پروگرام میں میسور ضلعی عہدیداران ، ضلعی میڈیا انچارج تبریز سیٹھ سمیت ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور پارٹی کارکنان کے علاوہ کثیر تعداد میں عوام شریک رہے۔ 


Share: